پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب: مہوش حیات اور ماہرہ خان کی پرفارمنس کا امکان

Last Updated On 01 February,2020 10:42 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں وہیں پر کچھ باز گشت سنائی دے رہی ہیں کہ اداکارہ ماہرہ خان اور تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش حیات لائیو پرفارمنس کریں گی۔

کرکٹ شائقین پی ایس ایل سیزن 5 کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں اور اس بار پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں اداکارہ ماہرہ خان اور مہوش حیات کی پرفارمنس کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرہ خان اور مہوش حیات پی ایس ایل 5 کا ترانہ گانے والے چاروں گلوکاروں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون رشید اور عاصم اظہر کے ساتھ پرفارم کریں گی۔

حال ہی میں ان چاروں گلوکاروں کی آواز میں پی ایس ایل 5 کا آفیشل ترانہ ریلیز کیا گیا ہے جسے کرکٹ شائقین کی جانب سے بہت ہی برا ردعمل موصول ہوا ہے، تاہم اس کے باوجود امکان ظاہر کیا جارہا ہے یہ چاروں افتتاحی تقریب میں اسی گانے پر پرفارم کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب 20 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی۔ جب کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے کھلاڑی ٹورنامنٹ سے تین روز قبل اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے۔ یہ پہلی بار ہے کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
 

Advertisement