اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی کامیابی میں پشاور زلمی کے کردار کو سراہتے ہیں، پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا پاکستان میں مکمل طور پر انعقاد تاریخی موقع ہوگا۔ قومی کھیلوں پر توجہ ہے اور جلد بڑااجلاس منعقد کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا انعقاد رواں سال ہوم گراؤنڈز پر ہو گا جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، ہر ٹیم ایونٹ جیتنے کے لیے کوشاں ہیں، اسی لیے دنیا بھر کے نامور بیٹسمینوں اور باؤلرز کا انتخاب کر رہی ہیں، اسی حوالے سے گزشتہ روز پشاور زلمی نے سابق جنوبی افریقی رنز مشین ہاشم آملہ کا انتخاب کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم ہاؤس سے ایک بیان سامنے آیا ہے، ٹویٹر بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی سے ملاقات کے دوران کھیلوں سے متعلق امور تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا پاکستان میں مکمل طور پر انعقاد تاریخی موقع ہوگا، وزیر اعظم عمران خان کا اظہار خیال
— Prime Minister s Office, Pakistan (@PakPMO) January 31, 2020
پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان
ملک میں کرکٹ کی واپسی میں پاکستان سپر لیگ کا کردار اہم ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی سپورٹس پالیسی پر توجہ ہے اور جلد اجلاس منعقد ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا پاکستان میں مکمل طور پر انعقاد تاریخی موقع ہوگا، ملک میں کرکٹ کی واپسی میں پی ایس ایل کا کردار اہم ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سابق مشہور بلے باز ہاشم آملہ کو پشاور زلمی سے منسلک ہونے پر خوشی ہے۔
پشاور زلمی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ ہاشم آملہ جیسے بڑے کرکٹر کا پشاور زلمی سے منسلک ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے بھی اچھی خبر ہے۔
اس موقع پر جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سے قومی سپورٹس پالیسی اور پاکستان میں کھیلوں کی بہتری پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
ہاشم آملہ کے حوالے سے وزیراعظم کے تاثرات پر ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہاشم آملہ کا پشاور زلمی سے منسلک ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ بڑے کرکٹرز کا پی ایس ایل فرنچائز سے منسلک ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے بھی اچھی خبر ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی نے اعلان کیا تھا کہ ہاشم آملہ بیٹنگ مینٹور کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
جاوید آفریدی نے انہیں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہاشم آملہ لیجنڈری بیٹسمین اور دنیائے کرکٹ کا بڑا نام ہیں۔
پشاور زلمی کے ہیڈکوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم کا بیان میں کہنا تھا کہ ہاشم آملہ کا پشاور زلمی سے منسلک ہونا باعث خوشی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی ہر سال پی ایس ایل میں نوجوان کرکٹرز کو کرکٹ لیجنڈز کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہاشم آملہ کی موجودگی سے جہاں بیٹسمینوں کو فائدہ ہوگا وہیں ہمارے نوجوان کرکٹرز کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور گزشتہ 5 برسوں میں یہ پہلا موقع ہوگا جب لیگ کا پہلا میچ اور فائنل بھی پاکستان میں ہوگا۔
پی ایس ایل فائیو کا آغاز 20 فروری کو ہوگا اور پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں 14 میچ قذافی سٹیڈیم لاہور، 9 میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم، راولپنڈی میں 8 اور ملتان میں 3 میچ کھیلے جائیں گے۔ فائنل 22 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔