کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان سپرلیگ کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید پرعزم ہیں کہ مکمل طور پر پاکستان میں ہونے والے پانچویں ایڈیشن میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو موثر سکیورٹی فراہم کی جائے گی جس کیلئے مقامی اور غیر ملکی ایجنسیوں کو کسی بھی قسم کی کوتاہی سے گریز کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
شعیب نوید کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائیو کے دوران ٹیموں اور ان میں شامل ملکی اور غیر ملکی کرکٹرز کیلئے اسی طرح حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے جیسے کہ حالیہ عرصے میں سری لنکا اور بنگلہ دیشی ٹیموں کیلئے کئے گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ 1996 کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ پہلا ایونٹ آرگنائز کر رہا ہے جس میں ایک سے زائد وینیوز کا استعمال کیا جائے گا جو لاجسٹکس کے اعتبار سے ان کیلئے کافی چیلنجنگ ہے لیکن انہوں نے ہر اعتبار سے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں فی الحال ان کا ایونٹس کے انعقاد کا معیار کافی کم ہے لیکن آنے والے برسوں میں یہ صورتحال کافی بہتر ہو جائے گی۔
شعیب نوید کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں مزید کوئی ٹیم شامل کرنے کا فی الوقت کوئی پلان نہیں کیونکہ اس حوالے سے انہیں دیگر فرنچائز سے بات چیت کے علاوہ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ شائقین کی دلچسپی اور تجارتی پہلوؤں پر کیا فرق پڑسکتا ہے لہٰذا آئندہ ایڈیشن میں کسی ٹیم کا اضافہ قابل غور نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی اور فرنچائز کے درمیان اب کسی قسم کا کوئی اختلافات نہیں جس کی وجہ ماضی میں رابطے کا فقدان تھا۔