لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 2020ء کا آفیشل ترانہ ’’تیار ہیں‘‘ کے لانچ کی تقریب 28 جنوری بروز منگل کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی، لیگ میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز نے تقریب میں شرکت کی جہاں حاضرین کو ’’تیار ہیں‘‘ ملک کے صف اوّل کے ٹی وی نیوز چینلز پر نشر ہونے سے قبل سنوایا گیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کا آفیشل ترانہ ایچ بی ایل پی ایل کے یو ٹیوب چینل پر موجود ہے، اب ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران وینیوز پر آفیشل ترانہ مسلسل بجایا جاتا رہے گا۔
ترانے کے لانچ کی تقریب میں فرنچائزز، اسپانسرز، میڈیا اور پی سی بی کے نمائندگان نے شرکت کی، اس موقع پر شرکاء نے پی ایس ایل فائیو کے آفیشل ترانے کو خوب سراہا، جو مختلف ہائے شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی پی ایس ایل فائیو کے مکمل اڈیشن کے پاکستان میں انعقاد پر جوش و خروش کی عکاسی کرتاہے۔
تیار ہیں کہ باضابطہ لانچ سے آدھا گھنٹہ قبل تقریب میں ترانہ بجانے کے بعد تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک مختصراً سوال و جواب کا سیشن ہوا، اس سیشن میں ٹیموں کے نمائندگان، کھلاڑیوں، سینئر ممبران اور میڈیا اراکین نے شرکت کی، سوال و جواب میں شریک حاضرین نے سپر لیگ کے گزشتہ ایڈیشنز سے متعلق اپنی یادیں تازہ کرنے کے ساتھ آئندہ ایڈیشن سے متعلق توقعات کا بھی اظہار کیا۔
گانا تیار ہیں میں پاکستان کے معروف راک گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، آواز بینڈ سے شہرت پانے والے ہارون رشید، مشہور پاپ گلوکار عاظم اظہر نے آواز کا جادو جگایا، آفیشل ترانے کی ہدایتکاری معروف موسیقار ذوالفقار جبار خان اور کمال خان نے کی ہے۔
تیار ہیں کی موسیقی میں تنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل بائیس سازوں کا استعمال کیا گیا ہے، ترانے کی آفیشل ویڈیو میں قومی کرکٹ سٹارز بابر اعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی جلوہ گر ہوئے۔
چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ آفیشل ترانے کے لانچ کے ساتھ ہی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز بھی ہو گیا ہے، آفیشل ترانہ ’’تیار ہیں‘‘ لیگ کے مکمل ایڈیشن کے پاکستان میں انعقاد پر جشن مناتے مداحوں کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔
#TayyarHain gets thumbs up from all stakeholders
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) January 28, 2020
https://t.co/B3XOqlmuo9https://t.co/CnvFBM7mqB
ان کا کہنا تھا کہ تقریب کے کامیاب انعقاد سے واضح ہو گیا کہ ایونٹ میں شریک تمام سٹیک ہولڈرز ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، انہیں امید ہے کہ لیگ کا آئندہ ایڈیشن کامیابی کے نئے معیار قائم کرے گا۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ اس کامیاب انعقاد پر پی سی بی کی ٹیم کے مشکور ہیں، امید ہے کہ ٹیم میں شامل تمام افراد اسی محنت اور لگن کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بائیس مارچ تک کام کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر عاطف رانا کا کہنا تھا کہ تیار ہیں جوش و جذبے سےبھرپور ہے اور امید ہے کہ یہ ترانہ آئندہ چند روز میں ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا، یہ لیگ ارتقاء کے عمل سے گزر رہی ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی کوشش ہے کہ آنے والا ہر ایڈیشن پچھلے ایڈیشن سے بہتر ہو۔
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے آفیشل ترانے کے لانچ کی تقریب میں ان کی شرکت پی سی بی اور فرنچائزز کے درمیان خوشگوار تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، یہ لیگ پاکستان کی ہے اور ہم اسے کامیاب کرنے کے لیے یکجا ہیں۔
ملتان سلطان کے عالمگیر خان ترین کاکہنا ہے کہ وہ اس سے قبل کسی ایسے ایونٹ میں شریک نہیں تھے جہاں وہ تمام سٹیک ہولڈرز ایک چھت تلے آفیشل ترانے کی لانچ کا جشن منا رہے ہیں، ترانے سننے کے بعد ایونٹ کے آغاز کا بے قراری سے انتظار ہے۔
ندیم عمر کا کہنا تھا کہ ’تیار ہیں‘ ایک بہترین ترانہ ہے، پی ایس ایل کا ہر آنے والے ترانہ پچھلے سے بہتر ہوتا ہے اور یہی ایونٹ کی کامیابی کا راز ہے۔
اسلام آباد کے مالک علی نقوی کو یقین ہے کہ گانے کی دھن سٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کو جھومنے پر مجبور کر دے گی، تیار ہیں آج سے ان کی پلے لسٹ کا حصہ بن چکا ہے۔
سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ تیار ہیں پاکستانی ثقافت کی ترجمانی کرتا ہے اور پر امید ہیں کہ ترانہ اب شاہراہ فیصل سے عبدالستار ایدھی روڈ سے گزرتی ہر گاڑی میں بجتا نظر آئے گا۔