پی ایس ایل: ’پاکستانیوں! شین واٹسن آ رہا ہے‘

Last Updated On 03 January,2020 04:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نام سے مشہور ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن نے قوم کو اُردو زبان میں پیغام دیدیا۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے انہوں نے قوم کے نام اردو زبان میں پیغام دیا، یہ ویڈیو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نشر کی گئی۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی ایس ایل کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ کے جوش و خروش میں اضافہ ہو گیا اور پوری شدت کے ساتھ لیگ کے آغاز کے منتظر ہیں۔ مقامی اور انٹرنیشنل کرکٹرز بھی پانچویں ایڈیشن کے حوالے سے انتہائی پرجوش ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاں سابق مایہ ناز آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن نے اُردو میں قوم کے نام خصوصی پیغام بھیجا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شین واٹسن کا قومی زبان میں دیے گئے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستانیوں! شین واٹسن آ رہا ہے پاکستان۔

انہوں نے شائقین کرکٹ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب پرپل فورس کو سپورٹ کریں، اس بار ہو گا کوئٹہ، کوئٹہ۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سال کے پہلے دن پاکستان سپر لیگ 2020 کے شیڈول کا اعلان کردیا تھا اور ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 20فروری کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے اس ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس مرتبہ ایونٹ کے تمام 34میچز پاکستان میں ہی کھیلے جائیں گے اور کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان ان میچز کی میزبانی کریں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کے سپر سٹارز پاکستان سپر لیگ میں شرکت اور پاکستان آنے کے حوالے سے پہلے ہی رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔