پاکستان کرکٹ بورڈ: پی ایس ایل 2020ء کے شیڈول کا اعلان

Last Updated On 01 January,2020 10:24 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 2020ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ چونتیس میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی سٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل سٹیڈیم کراچی، 8 راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور 3 ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، ایونٹ میں شامل 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020ء کے آغاز میں 50 روز باقی رہ جانے پر پی سی بی کی جانب سے ایونٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس دن کی مناسبت سے قومی کرکٹ کے گڑھ قذافی سٹیڈیم لاہور کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاؤنٹ ڈاؤن کلاک بھی لگایا ہے۔

پی ایس ایل 2020ء کا افتتاحی میچ دفاعی چیپمئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔

پی ایس ایل 2020ء: 144 غیر ملکی، 325 مقامی کھلاڑیوں کی فہرست جاری

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی سٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔

چونتیس میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی سٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل سٹیڈیم کراچی، 8 راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور 3 ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے چار میچز کراچی، تین لاہور، دو راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی، پشاور زلمی آئندہ ایڈیشن میں اپنے پانچ میچز راولپنڈی، تین کراچی جبکہ ایک ایک لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔

پی ایس ایل 2020ء میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، تین لاہور اور دو کراچی میں کھیلے گی، کراچی کنگز اپنے پانچ میچز کراچی، دو دو لاہور اور راولپنڈیجبکہ ایک ملتان میں کھیلے گی۔

لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطان اپنے پانچ میچز لاہور، تین ملتان جبکہ ایک ایک راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔

لاہور قلندر اپنے آٹھ میچز لاہور جبکہ ایک ایک کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔
 

Advertisement