لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے دوران پاکستان میں کرکٹ کے عالمی ستارے پاکستان میں جگمگائیں گے۔ ڈیل اسٹین، جیسن رائے، ایلکس ہیلز سمیت عالمی کرکٹرز ملکی سونے میدان آباد کریںگے۔ شرجیل خان دو سال بعد میگا ایونٹ میں ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ حیران کن طور پر آل راؤنڈر شعیب ملک ملتان کی بجائے پشاور زلمی کی طرف سے کھیلتے ہوئے نظر آئینگے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے، چھ فرنچائز نے اپنے من پسند کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا۔
پلاٹینم کیٹیگری میں پہلی پک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تھی جنہوں نے انگلینڈ کو ورلڈکپ جتوانے والے جیسن رائے کا انتخاب کیا۔ دوسری پک لاہور قلندرز کی تھی جنہوں نے آسٹریلیا کے کرس لین کی خدمات حاصل کیں، قلندرز نے ایک سال قبل بھی اپنی پہلی پک میں کرس لین کو منتخب کیا تھا لیکن جارح مزاج آسٹریلین بلے باز انجری کے سبب لیگ سے باہر ہو گئے تھے۔
پلاٹینم کیٹیگری میں ملتان سلطان کی تیسری پک تھی اور انہوں نے انگلش آل راؤنڈر معین علی کو منتخب کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس کیٹیگری میں جنوبی افریقہ کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کو چنا۔ کراچی کنگز نے شاندار انتخاب کرتے ہوئے مایہ ناز انگلش بلے باز ایلکس ہیلز کا پلاٹینم کیٹیگری میں انتخاب کیا۔
پاکستان سپر لیگ کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے فائنل لسٹ جاری کر دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد، محمد نواز، شین واٹسن، احمد شہزاد، عمر اکمل، محمد حسنین، نسیم شاہ، احسن علی کو ریٹین رکھا گیا تھا جبکہ پلاٹینم میں جیسن رائے کو منتخب کیا، ڈائمنڈ میں آسٹریلوی بین کیٹنگ، گولڈ فواد احمد، سلور میں سہیل خان، ٹائمل ملز، عبد الناصر، ایمرجنگ میں اریش خان، اعظم خان، سپیلمنٹری میں خرم منظور، کیمو پاؤل کو رکھا گیا ہے۔
لاہور قلندر کی ٹیم میں فخر زمان، محمد حفیظ، ڈیوڈ وائز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، سہیل اختر، حارث رؤف، سلمان بٹ کو ریٹین رکھا گیا تھا، پلاٹینیم میں کرس لین کو منتخب کیا گیا، گولڈ میں سمت پٹیل، سلور میں پرسانا، بین ڈانک، فرزان راجہ، جاہد علی، ایمرجنگ میں محمد فیضان، سپلیمٹنری میں لینڈل سیمنز، دلبر حسین کو رکھا گیا ہے۔
ملتان سلطان کی ٹیم میں محمد عرفان، شاہد آفریدی، جیمز وینس، جنید خان، شان مقصود، علی شفیق، محمد الیاس کو ریٹین رکھا گیا تھا جبکہ پلاٹینیم کھلاڑیوں میں معین علی اور ریلی روسو کو منتخب کیا گیا ہے، ڈائمنڈ میں ذیشان اشرف اورروی بوپارا شامل ہیں، گولڈ میں سہیل تنویر ہیں، خوشدل شاہ، عثمان قادر، فریبن ایلن سلور میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، ایمرجنگ میں انڈر 19 ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کو رکھا گیا ہے جبکہ سپلیمنٹری کھلاڑیوں میں عمران طاہر اور بلاول بھٹی شامل ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم میں شاداب خان، فہیم اشرف، آصف علی، لوک رونچی، حسنین طلعت، عماد بٹ، رضوان حسین، موسیٰ خان کو برقرار رکھا گیا تھا، پلاٹینم کھلاڑیوں میں ڈیل اسٹین اور کولن انگرام شامل ہیں، ڈائمنڈ میں کولن منرو ہیں، گولڈ میں رومان رئیس کو رکھا گیا ہے، سلور میں فل سالٹ اور سپنر ظفر گوہر کو رکھا گیا ہے، ایمرجنگ کھلاڑیوں میں عاکف جاوید، احمد عبد اللہ شامل ہیں، سپلیمنٹری میں سیف بدر اور وین ڈر ڈوسن کو منتخب کیا گیا ہے۔
پشاور زلمی کے کھلاڑیوں میں وہاب ریاض، حسن علی، کیرن پولارڈ، کامر ان اکمل، ڈیرن سیمی، امام الحق اور عمر امین کو برقرار رکھا گیا تھا جبکہ ڈائمنڈ میں ٹام بینٹن، شعیب ملک کو منتخب کیا گیا ہے، گولڈ میں لیام ڈاسن جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، سلور میں محمد محسن، راحت علی، ڈیون پیٹریس اور عادل امین شامل ہیں، ایمرجنگ میں عامر خان، عامر علی شامل ہیں۔ سپلمینٹری میں حیدر علی خان، لیام لونگ سٹون جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کو بابر اعظم، محمد عامر، عماد وسیم، افتخار احمد، عامر یامین، اسامہ میر اور عمر خان کو برقرار رکھا گیا تھا، پلاٹینم کی لسٹ میں انگلینڈ کے ایلکس ہیلز کو منتخب کیا گیا ہے، ڈائمنڈ میں کرس جورڈن جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، گولڈ میں شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ کو رکھا گیا ہے، سلور میں محمد رضوان، عمید آصف، ڈان لارنس، علی خان شامل ہیں، ایمرجنگ میں ارشد اقبال جبکہ سپلمینٹری کھلاڑیوں میں لیام پلنکٹ اور اویس ضیاء شامل ہیں۔