لاہور: (دنیا نیوز) ایم سی سی کرکٹ ٹیم 48 سال بعد پاکستان پہنچ گئی، تاریخ ساز کلب کے صدر کمار سنگارا قیادت کے فرائض نبھا رہے ہیں، روی بوپارا، روز وائٹلی اور ریولوف فان ڈیر میروو سمیت دیگر کاؤنٹی کرکٹرز بھی سکواڈ میں شامل ہیں۔ 3 کھلاڑیوں کا انتخاب پاکستان سپر لیگ سے کیا گیا ہے جن میں لیام ڈاؤسن، سمیت پٹیل اور فل سالٹ شامل ہیں، یہ کھلاڑی 1، 1 میچ میں مہمان ٹیم کی نمائندگی کرینگے۔
ایم سی سی کی ٹیم کل قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز کیخلاف دورے کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ پاکستان شاہینز کیخلاف ایچی سن کالج گراؤنڈ میں 16 فروری کو شیڈول ہے جو 50 اوورز پر مشتمل ہوگا۔ 17 فروری کو ایچی سن کالج گراؤنڈ میں ایم سی سی کا مقابلہ ناردرن ایریاز کیخلاف ٹی 20 میچ میں ہوگا جبکہ 19 فروری کو ایچی سن کالج گراؤنڈ میں ہی ملتان سلطانز کیخلاف ٹی 20 میچ کھیل کر میر ی لی بورن کرکٹ کلب کی ٹیم وطن واپس روانہ ہو جائیگی۔
ایم سی سی کیخلاف میچ کیلئے پاکستان شاہینز کے سکواڈ میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ ناردرن ایریاز کی ٹیم سے محمد موسیٰ باہر ہو گئے جن کی جگہ منیر ریاض کا انتخاب کیا گیا ہے۔