لاہور: (ویب ڈیسک) 34 میچز، 32 روز اور 4 مقامات، پاکستان سپر لیگ 2020 کا میلہ سجنے میں محض ایک دن باقی رہ گیا ہے۔
پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات کو ہوگا۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ جمعرات کی رات9 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔
21 فروری کو میزبان کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا دوسرا میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی جبکہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین ایونٹ کا تیسرا میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتانوں نے 22 مارچ کو فائنل میں رسائی کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم 5 لاکھ امریکی ڈالرز کے علاوہ چمچماتی ٹرافی کی حقدار ٹھہرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: باؤلرز کیلئے سب سے زیادہ کامیاب لیگ
تاحال لیگ کی سب سے کامیاب ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے، جس کی کامیابی کا تناسب 61.90 فیصد ہے۔ اس فہرست میں پشاور زلمی کا دوسرا نمبر ہے جس کی کامیابی کا تناسب 58.69 فیصد ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز اس فہرست میں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
Captains set for #HBLPSLV challenge. More: https://t.co/FIKB08fxP9 #TayyarHain
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 19, 2020
لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز، لیگ کی وہ 2 ٹیمیں ہیں جو تاحال پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکیں تاہم دونوں ٹیمیں لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ماضی کے اعداد و شمار کو پس پشت ڈالتے ہوئے تاریخ بدلنے کے لیے پرامید ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 2020ء: ہیڈ کوچز ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم
ایچ بی ایل پی ایس فائیو، ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ہے جو ملک کے 4 مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے 9 میچز کراچی، 14 لاہور، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کے دوران شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز کا رخ کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔ ایونٹ میں شریک تین ٹیموں نے لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے نئے کپتان مقرر کردئیے ہیں۔ شان مسعود ملتان سلطانز، سہیل اختر لاہور قلندرز اور شاداب خان پہلی مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کریں گے۔ ایونٹ میں شریک دیگر تینوں ٹیموں نے اپنے اپنے کپتانوں کو برقرار رکھا ہے۔ سرفراز احمد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ڈیرن سیمی پشاور زلمی اور عماد وسیم کراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔
کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان
شاداب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پانچویں ایڈیشن کے لیے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ کا ابتدائی کیمپ اسلام آباد میں لگایا گیا تھا جہاں مقامی کھلاڑیوں نے شرکت کی، اب غیرملکی کھلاڑیوں سمیت مکمل اسکواڈ کراچی میں ٹریننگ کرنے میں مصروف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 2020ء کی انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالرز مقرر
شاداب خان نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ متوازی ہے اور بہترین قومی کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث ٹیم کا باؤلنگ اور بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ دونوں مضبوط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے پر بہت پرجوش ہیں، انہیں خوشی ہے کہ وہ اس ایڈیشن کے دوران پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا میچ اپنے ہوم گراؤنڈ راولپنڈی میں بھی کھیلیں گے۔
کپتان کراچی کنگز عماد وسیم
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو یقین ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز میں "ہاؤس فل" ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر بہت خوش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میرا شہر اور گھر، پی ایس ایل کھیلنے کے لیے پر جوش ہوں: عمران طاہر
عماد وسیم نے امید ظاہرکی ہے کہ کراچی کنگز 20 فروری سے شروع ہونے والے ایڈیشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے متوازی اسکواڈ لے کر محض جیت کی غرض سے میدان میں اتریں گے۔
کپتان لاہور قلندرز سہیل اختر
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا ایک حسین امتزاج ہے اور وہ آف سیزن میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹر پر ایونٹ کی تیاری کرتے رہے ہیں۔
سہیل اختر نے مزید کہا کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچز کھیلنے کے لیے بیتاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں بہترین بلے باز موجود ہیں مگر وہ ایونٹ کے دوران اپنی باؤلنگ لائن اپ پر زیادہ انحصار کریں گے۔
کپتان ملتان سلطانز شان مسعود
ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ایونٹ سے قبل ٹیم نے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس میچز کے علاوہ ایم سی سی کے خلاف وارم اپ میچ سے کھلاڑیوں کا ردھم بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وہ 21 فروری کو اپنے پہلے میچ کے لیے "تیار ہیں"۔ شان مسعود نے کہا کہ ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں بہترین بلے باز اور اعلیٰ باؤلرز موجود ہیں، اسی طرح تجربہ کار اسپنرز کی شمولیت سے اسکواڈ مزید مضبوط ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے اور وہ کراچی اور لاہور کے علاوہ ملتان اور راولپنڈی میں میچز کھیلنے کے منتظر ہیں۔ کپتان ملتان سلطانز نے مزید کہا کہ پاکستانی کنڈیشنز محدود فارمیٹ کے لیے موزوں ہیں، یہاں بیٹنگ اور باؤلنگ کے لیے مکمل اسپورٹ دستیاب ہوتی ہے جس کے باعث مداحوں کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
کپتان پشاور زلمی ڈیرن سیمی
ڈیرن سیمی نے کہا کہ پشاور زلمی لیگ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشن 2020 سے قبل بھی تمام کھلاڑی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کی قیادت کرنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ابتداء سے ہی پشاور زلمی کے اسکواڈ میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں جنہیں ہر ایڈیشن میں برقرار رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض، کامران اکمل اور حسن علی کے علاوہ اس ایڈیشن میں شعیب ملک کی شمولیت اسکواڈ میں ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگی۔
کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں میچ وننگ باؤلر اور بیٹسمین شامل ہیں، انہیں یقین ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سال ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ اپنی عوام کے سامنے مکمل ایڈیشن کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پاکستان میں میچز سے نوجوانوں میں کرکٹ کا شوق بڑھے گا۔