عمر اکمل کرکٹ‌ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل

Last Updated On 20 February,2020 04:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ٹاپ آرڈر بلے باز کو پی سی بی نے اینٹی کرپشن ضابطے کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا، سکینڈل بوائے آج سے پی ایس ایل میں نمائندگی سمیت کسی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

 پی ایس ایل کی دھماکہ خیز انٹری سے پہلے بڑا دھچکا، عمر اکمل اینٹی کرپشن ضابطے کی خلاف ورزی پر فوری معطل کر دیئے گئے، پی سی بی نے ٹاپ آرڈر بلے باز کو تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے آؤٹ کر دیا۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ انکوائری جاری رہنے تک پی سی بی بھی معاملے پر مزید وضاحت نہیں دے گا۔

عمر اکمل نے پی ایس ایل میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا تھی، بلے باز کی عدم دستیابی پر پی ایس ایل انتظامیہ نے ٹیم کو متبادل کھلاڑی لینے کی اجازت دے دی۔ 

دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم نے راز کی بات بتا دی کہ عمر اکمل کے خلاف پہلے سے تحقیقات چل رہی تھیں، اب ٹاپ آرڈر بلے باز کے متبادل کے طور پر کسی دوسرے کھلاڑی کو شامل کریں گے۔

عمراکمل معطلی سے متعلق دنیا نیوز نے کھوج لگایا کہ گذشتہ سال کینیڈا گلوبل ٹی 20 میں شرکت کے حوالے سے عمر اکمل نے سابق ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر پر فکسنگ پیشکش کا الزام لگایا تھا جس پر ان سے بھی پوچھ گچھ ہوئی لیکن عمر اکمل پر گھیرا تنگ ہوتا گیا، اس کی خاص وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ عمر اکمل کی نجی تقریبا ت میں شرکت اور مشکوک افراد سے میل ملاقات کے باعث وہ اینٹی کرپشن کے ریڈار میں آئے، اب ان سے موبائل فون لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

معطل کرکٹر کے بھائی کامران نے موقف دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہوا، پی سی بی ہی بتا سکتا ہے۔