کراچی: (دنیا نیوز) پی ایس ایل کے آخری گروپ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹ سے ہرا دیا۔ جیت کے باوجود دفاعی چیمپئن سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے واٹسن اور خرم منظور نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ واٹسن نے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 66 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ خرم منظور نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو، دو جبکہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 151 رنز کا ہدف دیا تھا۔ کنگز کی اننگز کی خاص بات ڈیلپورٹ کی بلے بازی تھی جنہوں نے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں بابر اعظم 32، والٹن 26 جبکہ افتخار احمد 21 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ نے دو جبکہ سہیل خان، فواد احمد اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔