کورونا وائرس: : ہربھجن کے بعد یوراج سنگھ نے شاہد آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

Last Updated On 31 March,2020 08:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) یوں تو پاکستان اور بھارت دونوں ممالک روایتی حریف ہیں اور آئے روز جنگی جنون کی خبریں اکثر سننے کو ملتی رہتی ہیں بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ دونوں ممالک میں رہنے والے ایک دوسرے کی تعریفیں کریں، تاہم کورونا وائرس میں عوام کی خدمت کرنے پر سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر یوراج نے پاکستانی ٹیم کے سابق مایہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس یا کووڈ 19 کی عالمی تباہی کی لپٹ میں ہر کوئی ہے۔ جن لوگوں کو یہ نہیں لگی وہ اس کے خوف میں رہ رہے ہیں اور یہ خوف بالکل حقیقی ہے جس سے کوئی فرار نہیں۔ یہ وبا دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیل رہی ہے اس وقت دنیا کے 200 کے قریب ممالک اس کی لپیٹ میں ہیں۔

کرکٹ کے میدان سے اچھی خبر ہے آئی ہے جہاں پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی تعریف کی ہے، شاہد آفریدی فاؤنڈیشن پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث غریبوں میں کھانا تقسیم کر رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں یوراج سنگھ نے کہا کہ دنیا کورونا کی لپیٹ میں ہے، لوگ بھوک سے پریشان ہیں، ایسے حالات میں شاہد آفریدی راشن تقسیم کرکے انسانیت کی خدمت کررہےہیں، نیکی کے کام میں سب پاکستانی سٹار کا ساتھ دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر ہربھجن سنگھ نے بھی پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی تعریف کی تھی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ہربھجن سنگھ نے شاہد آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہد آفریدی انسانیت کی خدمت کے لیے بہت اچھا کام کر رہے ہیں، اللہ ہم سب کو نگہبان ہو، اللہ آپ کو مزید طاقت دے، دنیا کی فلاح و بہبود کے لیے دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
 

Advertisement