لاہور: (دنیا نیوز) سوئنگ کنگ وسیم اکرم نے زندگی کی 54 اننگز کھیل لیں، ایک سو چار ٹیسٹ اور تین سو چھپن ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 956 وکٹیں اڑانے والے سابق فاسٹ بولر کا ورلڈکپ 1992 میں ایلن لیمب اور کرس لوئس کو لگاتار دو گیندوں پر آؤٹ کرنا یادگار بلکہ شاہکار بنا، طویل اور شارٹ فارمیٹ میں دو دو ہیٹ ٹرکس بڑا کارنامہ تھا۔
تین جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہونے والے وسیم اکرم نے اٹھارہ سال کی عمر میں ون ڈے ڈیبیو کیا، اگلے ہی سال دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ کیپ حاصل کی۔ایک سو چار ٹیسٹ میچز میں چار سو چودہ وکٹیں حاصل کیں، ایک سو انیس رنز کے عوض ایک اننگز میں سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا بڑا کارنامہ تھا۔ تین سو چھپن ون ڈیز میں بطور فاسٹ بولر سب سے زیادہ پانچ سو دو شکار کیے، پندرہ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرنا سوئنگ کنگ کی بہترین پرفارمنس تھی۔
ورلڈکپ 1992 فائنل کا پانسہ پلٹا، لگاتار دو گیندوں پر ایلن لیمب اور کرس لوئس کو آؤٹ کر کے مین آف دی میچ اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر بنے۔
ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں دو دو بار ہیٹ ٹرک کرنے والے وسیم اکرم نے 2003 کے بعد کرکٹ کو گڈ بائے کہہ دیا۔
بطور لیفٹ آرم خوبصورت بولنگ ایکشن کے مالک ماضی کے عظیم فاسٹ بولر، کوچنگ اور کمنٹری کے ساتھ اب بھی وابستہ رہتے ہیں۔