لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے نیب ٹیم لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئی، کارکنوں کی بڑی تعداد بھی عدالت کے باہر موجود ہے، پولیس کی بھاری نفری عدالت کے اطراف میں تعینات ہے۔ ناکوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ادھر آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف نے حفاظتی ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ قائد حزب اختلاف کے وکیل کی جانب سے حفاظتی ضمانت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ کسی بھی کیس میں ملزم کا عبوری ضمانت کروانے کا آئینی و قانونی حق مجروح نہیں کیا جاسکتا، ہائیکورٹ میں میاں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست سماعت کے لئے مقرر ہوچکی ہے۔
حفاظتی ضمانت کی درخواست میں کہا گیا کہ نیب نے عبوری ضمانت کی درخواست سماعت کے لئے مقرر ہونے کے باوجود شہباز شریف کے گھر گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا، شہباز شریف نیب انکوائری میں شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں، ہائیکورٹ میں پیش ہونے کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔