لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرپٹ ٹولے کے احتساب کا عمل شروع ہو چکا، اب مکمل ہوئے بغیر نہیں رکے گا۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ‘’کورونا’’ کا ‘’رونا’’ رو کر نیب پیشیوں سے فرار چاہتے ہیں لیکن کرپشن کی ماں آخر کب خیر منائے گی، کبھی تو نیب کی چھری کے نیچے آئے گی۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف آج بھی ‘’کورونا کورونا’’ کرکے ‘’رونا رونا’’ کھیل رہے ہیں۔ ملک کے اپوزیشن لیڈر دو دفعہ کورونا کی آڑ میں نیب پیشیوں سے بھاگ چکے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے بڑی ڈھٹائی اور ہمت سے منی لانڈرنگ، کرپشن اور اقربا پروری کی، اب انھیں چاہیے کہ وہ اسی ڈھٹائی اور ہمت سے نیب کے سامنے پیش بھی ہوں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب آزاد ادارہ ہے، یہ شہباز شریف اور اس کا معاملہ ہے۔ قومی احتساب بیورو کے پاس ان کیخلاف کافی شواہد موجود ہیں لیکن اپوزیشن لیڈر بار بار بلانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا۔ کیا دوسرے ملزموں کو بھی، اگر کوئی بیماری ہے تو انہیں چھوڑ دیا جائے؟
شہباز شریف لندن سے وائرس کے ڈرسے بھاگے تھے لیکن اسی نے انھیں ایکسپوز کر دیا ہے۔ وہ بزدلی کی وجہ سے ایسا رویہ رکھے ہوئے ہیں۔ قرنطینہ چودہ دن ہوتا ہے لیکن اپوزیشن لیڈر کئی دنوں سے قرنطینہ میں ہیں۔