لاہور: (دنیا نیوز) انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈیکٹر نے عمر اکمل کیس پر فیصلہ محفوظ کر لیا، کرکٹر کے وکیل طیب رضوی کا کہنا ہے کہ تین سال کی سزا زیادتی ہے، امید ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا۔
انٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سالہ سزا کے خلاف کرکٹر عمر اکمل کی اپیل پر سماعت ہوئی، لاہور میں موجود نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں خود مختار ایڈجیوڈکیٹر جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے عمر اکمل کی اپیل پر کیس کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
عمر اکمل کے وکیل طیب رضوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمر اکمل کو دی جانے والی تین سال کی پابندی بہت زیادہ ہے اور اس کا جرم اتنا نہیں جتنی سزا سنائی گئی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا اور ہمیں انصاف ملے گا۔ پی سی بی کے قانونی مشیر نے بات کرنے سے گریز کیا جبکہ محفوظ فیصلہ بھی آج سنایا جائے گا۔