ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان میں ہونیوالا ایشیا کپ ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا

Last Updated On 09 July,2020 06:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) رواں سال ستمبر میں پاکستان میں ہونے والا ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اے سی سی نے رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو سونپی تھی، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کوشاں پی سی بی اس ایونٹ کو ایک بہت بڑا موقع سمجھ رہا تھا، بھارتی ٹیم نے پاکستان آنے سے صاف انکار کیا تو چند میچز یو اے ای میں کرانے پر بھی غور ہوا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں دنیا کے دیگر ملکوں کے کرکٹ بورڈز کی طرح پی سی بی نے بھی متبادل پلان بنانے شروع کر دیئے تھے، پہلے مکمل ٹورنامنٹ دبئی میں کرانے کی بات چلتی رہی، اس کے بعد وائرس سے بہت کم متاثر ہونے والا سری لنکا میزبانی کےلیے مضبوط امیدوار بن کر سامنے آیا۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اعلامیہ کے مطابق کورونا وبا کی وجہ سے ایشیا کپ کو ملتوی کرنا پڑا، ایشیا کپ کا انعقاد ستمبر میں ہونا تھا۔ امید ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد 2021 میں ہو گا۔

اے سی سی کا مزید کہنا ہے کہ جون 2021 میں ایشیا کپ کرانے کے لیے ورکنگ کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اب ایشیا کپ 2022 کی میزبانی کرے گا۔

سری لنکا کرکٹ ایشیا کپ 2021 کی میزبانی کرے گا، ایشیا کپ 2021 آئندہ سال جون میں ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ رواں سال سال ایشیائی ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، پاکستان نے اپنی میزبانی کا تبادلہ سری لنکا کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اصولی طور پر کوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ رواں سال ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہو گا، اس لیے اب آئندہ سال کی طرف رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ ساروگنگولی نے از خود فیصلہ سناتے ہوئے ایشیا کپ کی منسوخی کا اعلان کر دیا تھا۔

بھارتی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں بی سی سی آئی کے صدر ساور گنگولی نے بتایا کہ ستمبر میں شیڈولڈ ایشیا کپ منسوخ کردیا گیا ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم دسمبر میں سیریز کے لیے حکمت عملی بنا رہی ہے۔