لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے شیڈول کی تصدیق کردی ہے۔ پاکستان کو دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیریز کا ابتدائی ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ طویل طرز کی کرکٹ کے اگلے دونوں میچز ایجز باؤل ساؤتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک جاری رہے گا۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا شیڈول جاری کردیا، پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کیخلاف 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں میچز کھیلے گی۔
ای سی بی کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز پانچ اگست سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ پر پہلے ٹیسٹ کے ساتھ شروع ہوگی۔ مانچسٹر ٹیسٹ کے بعد ٹیمیں ساؤتھمپٹن روانہ ہوگی جہاں دوسرا ٹیسٹ تیرہ اگست اور تیسرا ٹیسٹ اکیس اگست سے شروع ہوگا۔
ساؤتھمپٹن میں دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے ایک بار پھر مانچسٹر آئیں گی۔
مانچسٹر میں ٹی ٹوئنٹی میچز 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو ہوں گے۔ پہلا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی ڈے نائٹ ہوگا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی دن کے وقت میں ہی مکمل ہوجائے گا۔
سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم پہلے ہی انگلینڈ پہنچ چکی ہے اور اس وقت ووسٹر میں ابتدائی قرنطینہ اور ٹریننگ کیلئے موجود ہے جہاں سے ٹیم تیرہ جولائی کو ڈربی روانہ ہوگی، ڈربی میں پاکستان کرکٹ ٹیم باضابطہ ٹریننگ کرے گی جس میں دو انٹر اسکواڈ چار روزہ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ تمام میچز بغیر کراوڈ کے، بائیو سیکیور ماحول میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ سے بھی سیریز کھیلے گی۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹوم ہیرسن کا کہنا ہے کہ ای سی بی پاکستان کرکٹ بورڈ، پاکستانی کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف سمیت آئرلینڈ اور ویسٹ انڈین حکام کا بھی کا شکر گزار ہے کہ انہوں نے انگلینڈ میں کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔
قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کا شیڈول مندجہ ذیل ہے:
6سے 12 جولائی: پریکٹس، انٹرااسکواڈ میچز اور آرام، نیو روڈ
13 جولائی: ڈربی شائر روانگی
15 سے 30 جولائی: پریکٹس، انٹراسکواڈ میچزاور آرام، دی کاؤنٹی گراؤنڈ
یکم اگست: مانچسٹر روانگی
5 سے 9 اگست: پہلا ٹیسٹ میچ بمقام اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹر
10 اگست: ساؤتھمپٹن روانگی
13 سے 17 اگست: دوسرا ٹیسٹ میچ بمقام ایجز باؤل، ساؤتھمپٹن
21 سے 25 اگست: تیسرا ٹیسٹ میچ بمقام ایجز باؤل، ساؤتھمپٹن
26 اگست: مانچسٹر روانگی
28 اگست: پہلا ٹی ٹونٹی میچ بمقام اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹر
30 اگست: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹر
یکم ستمبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ بمقام اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹر
2ستمبر: لاہور روانگی