یونس خان کے اعتماد کی وجہ سے ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوا: فواد عالم

Last Updated On 13 July,2020 06:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے اپنی ڈیبیو ٹیسٹ میچ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق اوپنر سلمان کو انجری ہوئی جس کے باعث مجھے اوپنر بھیجا گیا۔

یاد رہے کہ 12 جولائی 2009ء کو سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے سری لنکا کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تھری فیگر اننگز کھیلی تھی، ان کی سنچری کے کے باعث پاکستان میچ بھی جیتا تھا اور بیٹسمین مرد میدان بھی قرار پائے تھے۔

اس یاد کو تازہ کرتے ہوئے فواد عالم کا کہنا تھا کہ جس ٹیسٹ میچ میں میں نے سنچری بنائی اس میچ کے لیے اوپننگ بیٹسمین سلمان بٹ تھے تاہم وہ انجری کا شکار ہو گئے جس کے بعد اس وقت کے کپتان یونس خان نے مجھے اوپننگ پر جانے کا کہا۔ ان کے اعتماد کی وجہ سے میں سنچری بنانے میں کامیاب ہوا۔

مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ یونس خان نے مجھے میچ سے قبل پریکٹس کروائی۔ دباؤ تھا کہ پہلے میچ میں بطور اوپنر کھیل رہا ہوں۔ اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سنچری بنائی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کے ٹیسٹ کپتان یونس خان نے میچ سے پہلے ہی ٹیپ بال پر میری سنچری کا لکھا جس کا فاسٹ باؤلر عمر گل کو پتہ تھا، جب میں ڈریسنگ روم میں آیا تو مجھے وہ بال یونس خان نے دی، میں نے وہ بال آج تک سنبھالی ہوئی ہے۔