سکیورٹی بہترین، کھلاڑی محفوظ، زمبابوین کرکٹ آفیشل مطمئن

Published On 02 November,2020 09:04 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) زمبابوے نے پاکستان میں کھیلوں کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے دیگر بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان آکر کھیلنے کا مشورہ دیدیا۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زمبابوین کرکٹ بورڈ کے چیئرمین تاوینگوا موکوہلانی کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ کی دنیا کا اہم رکن ہے، یہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، پاکستان میں سکیورٹی انتظامات انتہائی بہترین ہیں لہٰذا ایک مرتبہ پھر یہاں آکر بہت خوشی ہوئی۔ ایسا لگتا ہے کہ ہم اپنے گھر پر ہیں۔

انہوں نے غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آکر میچز کھیلنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمارے بھارتی کوچ کو ویزا جاری کیا تاہم بھارتی حکومت نے ہی اپنے سفارتخانے کے ذریعے کوچ کو دورہ پاکستان سے روکنے کی درخواست کی تھی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ زمبابوے کیساتھ کرکٹ تعلقات پرانے ہیں، زمبابوے نے پہلا انٹرنیشنل دورہ پاکستان کا ہی کیا تھا، امید ہے کہ زمبابوے دوبارہ عالمی سطح پر اچھی ٹیم بن کر ابھرے گی۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی سکیورٹی ٹیم سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے آج پاکستان پہنچے گی۔