پی ایس ایل6: کرکٹر فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی تصدیق

Published On 01 March,2021 05:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے چھٹے ایڈیشن کے اہم میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے ۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث دونوں ٹیموں کو ہوٹل میں روک لیا گیا تھا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق ایک کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس کھلاڑی میں دو روز قبل علامات سامنے آئی تھیں جس کے بعد کھلاڑی کو فوری طور پر قرنطنیہ کر دیا گیا تھا۔

پی سی بی نے کہا کہ مذکورہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ دوسری ٹیم کے کھلاڑیوں کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

اُدھر اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ ہمارے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جسے فوری طور پر دو روز کے لیے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔ باقی تمام کھلاڑیوں اور سٹاف کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں، جنہیں کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ہم فواد احمد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

اُدھر اسلام آبادیونائیٹڈ کے آسٹریلین کھلاڑی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ خیریت دریافت کرنے پر تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں، اپنی دعاؤں میں یادرکھیں، کوروناسےخودبھی محفوظ رہیں، دوسروں کوبھی محفوظ رکھیں۔ 

Advertisement