گرین شرٹس یا آسٹریلیا؟ پاکستانیوں کی ایک اور غیر ملکی بھابھی کو بڑے امتحان کا سامنا

Published On 09 November,2021 06:11 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)ٹی 20ورلڈ کپ میں 11نومبر کو قومی کرکٹ ٹیم کا کینگروز کے ساتھ سیمی فائنل ہوگا جس کے لئے پاکستانیوں کا جوش و جذبہ اس وقت عروج کو پہنچ چکا ہے جبکہ دوسری جانب ایک اور پاکستانیوں کی بھابھی شنیرا اکرم کو اس وقت بڑے امتحان کا سامنا ہے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اپنے ملک کے بجائے ہیمشہ پاکستان کی حمایت کرتی رہی ہیں اور اب پھر ان کو اس امتحان کا سامنا ہے کہ آخر سیمی فائںل میں وہ کینگروز کی حمایت کریں یا پھر گرین شرٹس کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک خاتون صارف ثمرا طارق کی جانب سے ایک پوسٹر شیئر کیا گیا اور شنیرا اکرم سے سوال پوچھا گیا کہ میں یہ جاننے میں کافی دلچسپی رکھتی ہوں کہ اس میچ میں شنیرا کس کی حمایت کریں گی؟

اس سوال کے جواب میں وسیم اکرم کی آسٹریلین اہلیہ کی جانب سے واضح جواب نہ دیا گیا بلکہ اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے الٹا سوال ہی کرلیا گیا۔

شنیرا اکرم نے مداحوں کومخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میں آپ سب سے جاننا چاہتی ہوں، آپ کے خیال میں میں کس ٹیم کو سپورٹ کروں گی؟

وسیم اکرم کی اہلیہ کے اس سوال پر کسی نے شنیرا کی وسیم اکرم کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی وسیم کیلئے محبت دیکھتے ہوئے ایسا ہی لگتا ہے کہ آپ پاکستان کے ساتھ ہوں گی تو کسی نے کہا کہ شنیرا کا تعلق آسٹریلیا سے ہے اس لیے وہ اسی ٹیم کو جیتتا ہوا دیکھنا چاہیں گی۔

یاد رہے کہ وسیم اکرم نے آسٹریلوی شہری شنیرا اکرم سے 2013میں اگست کے مہینے میں شادی کی تھی۔

اس موقع پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ شنیرا نے اسلام قبول کرلیا ہے اور وہ اردو زبان بھی سیکھ رہی ہیں۔ وسيم اکرم نے پرستاروں سے خوشگوار زندگی کيلئے دعاؤں کی درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی دوسری نئی جیون ساتھی ان کی پہلی بیوی کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئی ہے۔

وسیم اکرم کی شنیرا سے ان کی دوسری شادی ہے ،سال 2009 میں وسیم اکرم کی پہلی اہلیہ ہما اکرم بیماری کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔ جسکے بعد بھارتی اداکارہ سشمیتا سین کے ساتھ بھی ان کی دوستی کے چرچے کافی مشہور ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستانیوں کی بھابھی ثانیہ مرزا نے اپنے شوہر شعیب ملک کی حمایت میں سٹیڈیم میں سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ دیکھا جو انتہا پسندوں کو ہضم نہ ہوا اور ٹینس سٹار کو تنقید کا نشانہ بنایا۔