ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز: قومی کرکٹرز کی آج سے پریکٹس کا آغاز

Published On 11 December,2021 09:14 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) ویسٹ انڈیز کیخلاف پیر سے شروع ہونیوالی تین میچز کی ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم آج پریکٹس کا آغاز کرے گی جبکہ مہمان کھلاڑیوں نے بھی گزشتہ روز آرام کو ترجیح دی۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق کراچی آمد کے بعد مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کرنے والے قومی کھلاڑیوں کے کوویڈ ٹیسٹ منفی آگئے جس کے بعد وہ آج سے پریکٹس کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کو جمعے کی شام سات بجے سے ساڑھے دس بجے تک نیشنل سٹیڈیم میں ٹریننگ کرنی تھی تاہم کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کا رخ کرنے سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے دورے سے اچانک انکار کے تین ماہ بعد یہ پاکستان میں ہونے والی پہلی سیریز ہوگی تاہم کیریبین ٹیم کو چند سٹار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہیں کیونکہ ایوان لوئیس، شیمرون ہٹمائر، آندرے رسل اور لینڈل سمنز ذاتی وجوہات کی بنا پر مقابلوں سے دستبردار ہوگئے تھے جبکہ سابق کپتان جیسن ہولڈر کو آرام دیا گیا ہے۔

فیبین ایلن ، پولارڈاور اوبیڈ میک کوئے انجری مسائل میں مبتلا ہونے کے باعث سیریز کیلئے دستیاب نہیں تاہم شیلڈون کوٹریل، ڈومینیک ڈریکس ، اوڈین سمتھ اور عقیل حسین کی شمولیت سے مہمان سکواڈ کو کچھ حوصلہ ملا ہے۔

میچوں کیلئے نیشنل سٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مشتبہ افراد اور ناخوشگوار سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے کیلئے عمارتوں پر شارپ شوٹرز ڈیوٹی دے رہے ہیں، گراؤنڈ کے داخلی اور خارجی راستوں پرپولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ ہوٹل سے سٹیڈیم تک دونوں ٹیموں کو سخت سکیورٹی حصار میں پہنچانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

 

Advertisement