کراچی: (روزنامہ دنیا) ویسٹ انڈین ہیڈکوچ فل سمنز نے کہا ہے کہ کئی مرتبہ پاکستان آچکے ہیں اور کسی کھلاڑی کو دورے پر کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کیخلاف اس کی اپنی سرزمین پر کھیلنا چیلنج ہے۔ کچھ عرصے سے شاہین آفریدی، بابر اعظم اور محمد رضوان انٹر نیشنل کرکٹ میں اچھا پرفارم کررہے ہیں جن سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے، اوپنرز جلد آؤٹ ہوئے تو میزبان ٹیم پر دباؤڈال سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت تمام توجہ صرف کھیل پر ہے اور پاکستان کیخلاف سیریز دلچسپ اور اچھی رہے گی۔
ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم کی ٹی ٹونٹی میں کارکردگی شاندار ہے تاہم ون ڈے میں بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیریبین ٹیم میں نوجوان کھلاڑی موجود ہیں لہٰذا دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ شاہین آفریدی کیخلاف کس طرح کھیلتے ہیں کیونکہ اپنی ناکامیوں کو بھلا کر آگے کی جانب دیکھ رہے ہیں اور دورہ پاکستان میں بہتر سے بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ حالیہ سیریز مہمان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا بھی امتحان ہے۔
فل سمنز نے بتایا کہ کراچی کی وکٹ ہومٹیم کیلئے سود مند رہتی ہے تاہم امید ہے کہ مقابلوں میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دورے میں ملنے والی سکیورٹی سے بھرپور مطمئن ہیں اور طویل عرصے بعد پاکستان آکر اچھا لگا ۔ جب وہ بطور کھلاڑی یہاں آئے تھے تب حالات مختلف تھے، اب کورونا وائرس کی وجہ سے کہیں جا نہیں سکتے جس کا دکھ ہے۔ ہمارا مقصد صرف سیریز جیتنا ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے پاکستان نہ آنے سے کیریبین کھلاڑیوں کو کوئی دشواری نہیں اور وہ کھیل پر توجہ دینے کیلئے پراعتماد ہیں۔