لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے لاہور میچز میں 12 سال سے کم عمر کے بچوں کی سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ این سی او سی کے مطابق لاہور کے میچز کیلئے 12 سال سے کم عمر کے بغیر ویکسین لگوائے بچوں کو بھی سٹیڈیم آنے کی اجازت ہو گی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ میچز 12سال سے کم عمر کے بچے بھی دیکھیں گے اور بچوں کو اجازت دینے پر این سی او سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جو میلہ سجاتے ہیں وہ بچوں کیلئے سجاتے ہیں، پچز اگر اچھی نہیں ہونگی تو ہمارا معیار اچھا نہیں ہوگا ، امید ہے مستقبل میں پچز کا معیار اور بہتر ہوگا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم بہترین ہے، مقابلے سخت ہونگے ،امید ہے کہ وہ ہمیں اچھی طرح ٹیسٹ کریں تاکہ پتہ لگے کون کتنے پانی میں ہے ، امید کرتا ہوں لاہور کا زیادہ کراؤڈ سٹیڈیم آکر میچ دیکھے گا، آخری مرتبہ جب آسٹریلیا کی ٹیم آئی تب کمنٹری باکس میں تھا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 7 کے حوالے سے این سی او سی نے لاہور کے میچز میں 50 فیصد شائقین کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے، 16 فروری سے سو فیصد شائقین سٹیڈیم آسکیں گے۔
اس حوالے سے این سی او سی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق 15 فروری تک 50 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ 16 فروری کے بعد سٹیڈیم میں 100 فیصد شائقین کی اجازت ہوگی۔ میچز میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ ویکسی نیشن مکمل کروانے والے افراد ہی سٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔