لاہور: (دنیا نیوز) کراچی سے لاہور پہنچنے والی پہلی تینوں ٹیموں نے پریکٹس شروع کر دی، قذافی سٹیڈیم میں اوس کے باعث کھلاڑیوں کو گیلے گراؤنڈ میں اِن ایکشن ہونا پڑا، زندہ دلان کے شہر میں 10 فروری کو پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان جوڑ پڑے گا۔
پی ایس ایل سیون کے دوسرے مرحلے میں زندہ دلان کے شہر میں ٹیموں نے ڈیرے ڈال لئے، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی نے پریکٹس شروع کر دی۔ بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس میں خوب پسینہ بہایا۔ قذافی سٹیڈیم میں اوس سے گراؤنڈ گیلا، ہاتھوں سے بار بار بال سلپ ہونے کے مسائل پیش آئے۔ کرکٹرز فٹنس اور سٹیمنا کے لیے فٹبال بھی کھیلتے نظر آئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی ایل سی سی اے گراؤنڈ میں اِن ایکشن ہوئے،بولنگ کوچ اور ماضی کے جادوگر سپنر سعید اجمل خود بھی بولنگ کرتے نظر آئے۔
زندہ دلان کے شہر کو کرکٹ سٹارز نے چار چاند لگا دیئے، پی ایس ایل سیون کے میچ دس فروری سے شروع ہو ں گے۔ دوسرے مرحلے کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن اور سرفہرست ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے مابین ہو گا۔