پاکستان سپر لیگ 7 کا پہلا مرحلہ مکمل ، ملتان سلطانز کی حکمرانی برقرار

Published On 08 February,2022 11:42 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ 2022 کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا، ملتان سلطانز کی سیزن سیون میں حکمرانی برقرار ہے، ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے لاہور میں شروع ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا،ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں ہر ٹیم نے پانچ پانچ میچز کھیلے، دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز ناقابل شکست رہی۔اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم اسلام آباد کو لاہور کے ہاتھوں سنسنی خیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اب تک تین تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑ ا ہے۔ بہتر رن ریٹ کے ساتھ زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پرچوتھا اورگلیڈی ایٹرزکا پانچواں نمبر ہے۔

پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں کراچی کنگز اب تک جیت کا مزہ نہیں چکھ سکی۔ مسلسل 5 میچز میں شکست سے دوچار کنگز کا پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبرہے، سپر لیگ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے لاہور میں شروع ہوگا۔