پی ایس ایل 7: لاہور میں شائقین چوکوں اور چھکوں کی بارش دیکھنے کیلئے بے تاب

Published On 08 February,2022 09:17 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہورمیں بھی پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا، سبھی قذافی سٹیڈیم میں چوکوں اور چھکوں کی بارش دیکھنے کے لیے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔ انتظامیہ نے بھی 10 فروری سے شروع ہونے والے میچز کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں سیزن کا آغاز 27 جنوری سے کراچی میں ہوچکا ہے جس کے بعد 10 فروری سے اِس کی رونقیں لاہور کا رخ کرلیں گی۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے جن کا اہلیان لاہور کو بے تابی سے انتظار ہے۔ کیا بچے اور کیا بڑے سبھی میچز دیکھنے کے لیے بے تاب دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری طرف میچز کے لیے انتظامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ قذافی سٹیڈیم میچز کے لیے پوری طرح تیار دکھائی دیتا ہے جبکہ سکیورٹی پلان بھی مرتب کر لیا گیا ہے۔ میچز کے آغاز پر قذافی سٹیڈیم کا کنٹرول پاک فوج اور رینجرز سنبھالیں گے تو دیگر انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں جس پر شائقین بھی مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔

شائقین کو توقع ہے کہ اُنہیں لاہور میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔