کافی عرصے بعد سنچری سکور کرنے پر بہت اچھا محسوس کررہا ہوں: جیسن روئے

Published On 08 February,2022 06:10 pm

لاہور:(دنیا نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز جیسن روئے نے کہا ہے کہ کافی عرصے کے بعد سنچری سکور کرنے پر بہت اچھا محسوس کررہا ہوں۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف دھواں دار سنچری سکور کرنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو جیت کی ضرورت تھی اور ہمیں کامیابی ملی، شاہین شاہ آفریدی کے پاس سوئنگ اور تیز ڈیلیوریز موجود ہیں، مجھے اندازہ تھا کہ ٹارگٹ زیادہ ہے اس لیے تیز کھیلنا شروع کیا۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جارحانہ بیٹر کا مزید کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے پاس بہت اچھی باؤلنگ لائن اپ ہے، پاور پلے میں رنز بنانا بہت اہم تھا، وکٹ بہت اچھی تھی، راشد خان کو کھیل کر بہت مزہ آیا وہ بہت اچھے باؤلر ہیں۔