لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے کیلئے 100 فیصد شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل7 کے پہلے مرحلے کے دوران کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں 25 فیصد شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ چند روز قبل این سی او سی کی طرف سے آگاہ کیا گیا تھا کہ 16 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچز میں 100 فیصد شائقین کے آنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں کمی کے بعد شائقین کے لئے اچھی خبر آئی ہے جس کے مطابق منگل سے 100 فیصد شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ لاہور منگل سے شہر کے چھ مقامات سے سٹیڈیم تک سپیشل روٹس چلائے گی، روٹس عوام الناس کی آسانی کے لیے چلائے جا رہے ہیں، ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ساتھ ملکر چلائے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق گڑھی شاہو، آر اے بازار، شاہدرہ، ٹھوکھر نیاز بیگ، شوکت خانم چوک اور سکیم موڑ سے روٹس چلائے جا رہے ہیں، سپیڈو بسیں 27 فروری تک ان روٹس پر چلے گی ۔
ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شائقین کرکٹ کو 4:30 پر پک اپ اور 11:45 پر ڈراپ کی سہولت دی جائے گی۔