لاہور: (دنیا نیوز) آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش ہے، امید ہے پاکستانی شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان میں سیکورٹی صورتحال سے مطمئن ہیں ، میزبان ٹیم کے خلاف کھیلنے کا تجربہ ہمیشہ شاندار رہا ، پاکستانی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں ، امید ہے سیریز سےقبل اچھی پریکٹس کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں رفتہ رفتہ کرکٹ واپس آئی ہے ، جارج بیلے جو ہمارے سلیکٹر ہیں وہ بھی کچھ عرصہ قبل پاکستان آکر کھیل چکے ہیں۔ پی ایس ایل کا انعقاد بھی بڑی کامیابی ہے۔ تین ٹیسٹ ، تین ون ڈے اور ایک ٹی 20 پر مشتمل سیریز کھیلنا یقناً شاندار ہے۔ پاکستان آسٹریلیا آ کر کھیل چکا اب ہماری باری ہے کہ ہم پاکستان میں کھیلیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ سے کتنا لگاؤ رکھتے ہیں ، ہماری خوش قسمتی ہے کہ اتنے عرصے بعد پاکستان میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔