لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ اچھی بات یہ ہے کہ رمیز راجہ نے معاوضہ بڑھانے کا کہا، چاہتا ہوں ڈالر میرا 210 رنز کا ریکارڈ نہ توڑے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ گرمی میں کھیلنے کے عادی ہیں، باؤلرز کو تھوڑی مشکلات ہوتی ہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے تیاریاں جاری ہیں، چاہتا ہوں کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاپ سکورر بنوں، ہمارے شائقین کرکٹ نے آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو بھی بہت سپورٹ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کافی عرصے بعد کسی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جو خوش آئند ہے، کنڈیشننگ کیمپ میں بھاگ دوڑ زیادہ ہوتی ہے، کیمپ میں زیادہ تر فٹنس پر کام ہوتا ہے، رمیز راجہ نے ملاقات میں کافی سپورٹ کیا، اچھی بات یہ ہے کہ رمیز راجہ نے معاوضہ بڑھانے کا کہا، چاہتا ہوں ڈالر میرا 210 رنز کا ریکارڈ نہ توڑے، معاوضوں کے بڑھنے سے ہماری کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارا سارا فوکس اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے، پروفیشنل کھلاڑی ہر طرح کی صورتحال کیلئے تیار ہوتے ہیں، بابر اعظم اور محمد رضوان اوپننگ میں اچھا کر رہے ہیں۔