محمد یوسف ٹاپ سے لوئر آرڈر تک بیٹنگ مستحکم کرنے کے خواہاں

Published On 18 May,2022 08:50 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف ٹاپ سے لوئر آرڈر تک ٹیم کی بیٹنگ کو مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔

محمد یوسف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے کنڈیشننگ کیمپ لگایا گیا ہے ، کرکٹرز کو پورا سال اس طرح ٹریننگ کا موقع نہیں ملتا، ماضی میں بھی کھلاڑیوں پر مشکل وقت آتا رہا ہے ، فواد عالم بھی ٹیسٹ سیریز میں پرفارم نہیں کرسکے ، ون ڈے میچز میں ٹاپ آرڈر نے بہترین پرفارم کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ون ڈے میچز میں ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرنے میں کامیاب ہوئی، جب تمام کھلاڑی اپنے نمبر پر پرفارم کریں گے تب ہی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری اور تسلسل آئے گا، ٹاپ اور مڈل کے ساتھ لوئر آرڈر پر بھی توجہ دے رہے ہیں۔

کوچ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اس کیمپ میں بیٹرز کو زیادہ مواقع فراہم کریں، کھلاڑیوں کی فٹنس پر بھی کام کیا جارہا ہے ، فٹنس اچھی ہوگی تو گرم موسم سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اسد شفیق نے فرسٹ کلاس میں تسلی بخش کارکردگی نہیں دکھائی، کم بیک کرنے کے لیے آپ کو اچھی کرکٹ کھیلنی پڑتی ہے ، بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور دن بدن ان کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے ۔

محمد یوسف کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح کاؤنٹی میں شان مسعود کھیل رہے ہیں آج تک کوئی پاکستانی ایسا نہیں کھیلا، سلیکٹرز بھی یہ کارکردگی دیکھ رہے ہوں گے ، ٹیسٹ سکواڈ میں تو وہ پہلے ہی موجود ہیں، ون ڈے کرکٹ میں دیکھنا ہوگا کہ ان کی کہاں جگہ بنتی ہے ، ماضی کی کرکٹ اور آج کی کرکٹ میں کافی فرق ہے ، عابد علی کے ساتھ پہلے کافی کام کیا ہے ، میرے خیال سے جس طرح عابد علی ٹریننگ کررہا ہے ویسے ٹیم میں واپس آئے گا۔
 

Advertisement