لاہور:(ویب ڈیسک) سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا بھگتنے والے سابق کپتان سلمان بٹ کو سنگاپور کرکٹ ٹیم کی کوچنگ مل گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ 37 سالہ سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ کوچ نامزد کیا گیا ہے۔ ان کا پہلا چیلنج جولائی میں زمبابوے میں ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر ہوگا۔
خیال رہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز 2003 سے 2010 تک پاکستانی ٹیم کا حصہ رہے جب ان کے دورہ انگلینڈ پر سپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا۔
اس وقت کے کپتان سلمان بٹ پر پیسوں کے عوض لارڈز ٹیسٹ کے دوران اپنے تیز گیند بازوں محمد عامر اور محمد آصف سے جان بوجھ کر نو بال کرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ان سب پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی اور برطانیہ کی ایک عدالت نے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔