دوسرا ون ڈے، پاکستان ویمنز ٹیم نے سری لنکا کو شکست دیکر سیریز جیت لی

Published On 03 June,2022 05:31 pm

کراچی:(عباد اللہ خان سے) سدرا امین کی شاندار سنچری اور فاطمہ ثناء کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں 73 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔

ساؤتھ اینڈ کلب کراچی میں جاری پاک سری لنکا خواتین سیریز میں دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل بھی گرین کیپس کے نام رہا۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گرلز ان گرین نے دو وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے، سدرہ امین نے 123 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، منیبہ علی 56 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، سدرہ امین اور منیبہ علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 158 رنز بنا کر ریکارڈ اپنے نام کیا۔

مہمان باؤلرز اوشادی راناسنگھے اور کاویشا دلہاری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

254 رنز کے تعاقب میں سری لنکن ویمن ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان 180 رنز بنا سکی، ہرشیتا مدھاوی نے 41، کاویشا دلہاری نے 32 رنز بنائے۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر فاطمہ ثنا نے 4 اور عمیمہ سہیل نے اسپن کا جادو چلاتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں، تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔
 

Advertisement