ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست

Published On 11 August,2022 11:28 am

جمیکا: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 13رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

سبینا پارک کنگسٹن جمیکا میں کھیلے گئے میچ میں کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، کپتان کین ولیم سن 47، ڈیون کونوے 43 اور جیمز نیشام ناقابل شکست 33 رنز سے بنا کر نمایاں رہے، اوڈین سمتھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اورمقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 172 رنز بنا سکی۔

شمر بروکس نے 42، روماریو شیفرڈ نے ناقابل شکست 31 اور جیسن ہولڈر نے 25 رنز بنائے، کیوی ٹیم کی طرف سے مچل سینٹنر نے 3 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی اور ایش سودی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کیوی ٹیم کے آل راؤنڈر مچل سینٹنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اسی طرح مہمان ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی فیصلہ کن برتری مل گئی۔
 

Advertisement