نیشنل ٹی 20 کپ: سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا نے اپنے اپنے میچ جیت لئے

Published On 01 September,2022 05:56 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) نیشنل ٹی 20 کپ میں سدرن پنجاب نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا نے ناردرن کو شکست دے دی۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ کے تیسرے روز پہلے میچ سدرن پنجاب نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156رنز بنائے، سدرن پنجاب کی جانب سے شیرون سراج 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 57 رنز اور محمد الیاس 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 41 رنز کر کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

بلوچستان کے یاسرشاہ نے 3، عاکف جاوید نے دو اور عماد بٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 135رنز بنا سکی، اس طرح یہ میچ سدرن پنجاب نے 21 رنز سے جیت لیا، بلوچستان کی جانب سے اسد شفیق 5 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 43، حسین طلعت نے 3 چوکوں کی مدد سے 30 اور حسیب اللہ 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سدرن پنجاب کی جانب سے سلمان علی آغا نے 3، ثمین گل نے دو جبکہ علی ماجد، فیصل اکرم اور عمران رندھاوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سدرن پنجاب کے شیرون سراج کو شاندار نصف سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

خیبر پختونخوا کی ناردرن کو مات

ایک اور میچ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے ناردرن کو 2 رنز سے شکست دے دی۔

خیبر پختونخوا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان نے سب سے زیادہ 53 رنز کی اننگز کھیلی، محمد حارث نے 33 اور محمد سرور آفریدی نے 24 رنز کی اننگز کھیلی، سلمان ارشاد اور عثمان خان شنواری نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

160 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں ناردرن کی ٹیم 5 وکٹ کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی، حسن نواز نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے، علی عمران نے 31 اور عامر جمال نے ناٹ آؤٹ 29 سکور کی اننگز کھیلی۔

 میچ میں دو وکٹیں حاصل کرنے پر کپتان خالد عثمان کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔