نیشنل ٹی 20 کپ: بلوچستان اور سدرن پنجاب نے فتح سمیٹ لی

Published On 02 September,2022 07:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ٹی 20 کپ میں بلوچستان نے سندھ اور سدرن پنجاب نے سنٹرل پنجاب کو شکست دے دی۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کے ساتویں میچ میں سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے، سعد خان 31، سرفراز احمد 29 جبکہ کپتان سعود شکیل اور انور علی 18، 18 رنز بنا کر نمایاں رہے، بلوچستان کی جانب سے خرم شہزاد ، یاسر شاہ اور کاشف بھٹی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فاتح ٹیم نے 143 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، مڈل آرڈر بیٹر شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 39 گیندوں پر 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا، بلوچستان کی یہ ایونٹ میں تین میچ کھیل کر دوسری کامیابی ہے۔

عماد بٹ نے 12 گیندوں پر 25 رنز کی دھواں اننگز کھیلی اور آوٹ نہیں ہوئے، اسد شفیق 17، عبدالواحد بنگلزئی 16، حسیب اللّٰہ 15 اور حارث سہیل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، سندھ کی طرف سے سہیل خان نے دو جبکہ میر حمزہ، ابرار احمد اور زاہد محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سدرن پنجاب کی سنٹرل پنجاب کو شکست

ایک اور میچ میں سدرن پنجاب نے سنٹرل پنجاب کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 86 رنز سے شکست دے دی۔

سدرن پنجاب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 165 رنز بنائے، زین عباس نے سب سے زیادہ 65 رنز کی اننگز کھیلی، شیرون سراج 35 سکور بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے، احمد دانیال نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، وہاب ریاض نے دو اور اسامہ میر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

166 رنز ہدف کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم 14 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 79 سکور بناکر آؤٹ ہوگئی، سلمان علی آغا نے سب سے زیادہ 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔