ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آفیشلز کااعلان ، پہلی بار تمام میچز خواتین سپروائز کرینگی

Published On 27 January,2023 02:37 pm

دوبئی : (ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کی جانب سے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 13 میچ آفیشلز کا اعلان کیا گیا ہے جس میں تمام خواتین شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام خواتین میچ آفیشلز ٹورنامنٹ سپروائز کریں گی۔

آئی سی سی کے مطابق 13 رکنی پینل میں 3 ریفریز اور 10 امپائرز شامل ہیں ، میچ ریفریز کا تعلق بھارت، جنوبی افریقا اور سری لنکا سے ہے۔

ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی خواتین امپائرز کا تعلق انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا اور بھارت سے ہے۔

اس سے قبل ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022 میں آٹھ خواتین آفیشلز شامل تھیں، جبکہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نو خواتین شامل کی گئیں تھیں ۔

واضح رہے کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اگلے ماہ سے جنوبی افریقا میں شروع ہوگا۔