کھلاڑیوں کو عمر رسیدہ کہہ کر ایک طرف کرنا درست نہیں: وہاب ریاض

Published On 27 January,2023 03:42 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی ملک کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ انصاف کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ تعصب کی کوئی حد ہونی چاہیے، کھلاڑیوں کو عمر رسیدہ کہہ کر ایک طرف کرنا درست نہیں، اگر عمر اہم ہے تو اصول سب کے لیے یکساں ہونے چاہئیں۔

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اپنے دور میں کھلاڑیوں کی خراب سلیکشن کی ، ان کے پاس عماد وسیم، شعیب ملک اور سرفراز احمد جیسے کھلاڑیوں کو منتخب نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ نجم سیٹھی میرے، سرفراز احمد، محمد حفیظ، شعیب ملک اور حسن علی جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ انصاف کریں گے جنہوں نے پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 

Advertisement