محمد حارث نے افغانستان سے سیریز ہارنے کا ذمہ دار خود کو ٹھہرا دیا

Published On 28 March,2023 09:31 am

شارجہ: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر محمد حارث نے افغانستان سے ٹی 20 سیریز ہارنے کا ذمے دار خود کو قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں محمد حارث نے کہا کہ میری پیاری قوم ہم جو نتیجہ چاہتے تھے وہ نہیں ملا، اس سب کا ذمے دار میں ہوں کیوں کہ میں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کیا، جس کا مجھے افسوس ہے۔

محمد حارث کا کہنا ہے کہ اس تجربے سے ہم سیکھیں گے اور مستقبل میں اچھا کھیلیں گے، نوجوان بیٹر نے افغانستان کے تین میچز میں صرف 22 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے آخری ٹی 20 میں پاکستان نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دی تھی، تین میچز کی سیریز کے ابتدائی دونوں میچز افغانستان کے نام رہے تھے۔

 

Advertisement