کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں سانحہ بلدیہ کیس میں ملزمان رحمان بھولا اور زبیر کی سزائے موت کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔
کیس سے بری ہونے والے ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے، ملزمان کے وکیل سرمد خان نے گواہوں کی لسٹ بھی عدالت میں پیش کر دی، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فہرست میں 4 سو گواہ شامل ہیں، جن میں سے 347 سرکاری اور پرائیویٹ گواہ ہیں، کیس سے جڑے 53 گواہوں کے بیان پر جرح ضروری ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کی جسٹس کے کے آغا نے دوران سماعت اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم سمجھ رہے تھے کیس جلد نمٹ جائے گا مگر الجھ رہا ہے، پراسیکیوٹر کے ساتھ بیٹھ کر گواہوں کی حتمی لسٹ مرتب کی جائے، بری ہونے والے ملزمان کہاں ہیں؟۔
جس پر وکیل حسان صابر نے جواب دیا کہ ملزمان عدالت میں موجود ہیں، ان کی طرف سے کیس کی پیروی میں کروں گا، عدالت نے کیس کے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا، کیس کی مزید سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
واضح رہے ستمبر 2012ء میں بلدیہ میں واقعہ فیکٹری کو 20 کروڑ روپے کا بھتہ نہ دینے پر آگ لگائی گئی تھی جس میں 250 سے زائد افراد زندہ جل گئے تھے۔