پی سی بی کا مورنے مورکل ،مکی آرتھر اور اینڈریو پٹک کی خدمات لینے کا فیصلہ

Published On 29 March,2023 09:55 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولرمورنے مورکل کو بولنگ کوچ اور مکی آرتھر کو کنسلٹنٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ اینڈریو پٹک کو بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

نجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے کرکٹ ٹیم کے لیے تین سابق جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سابق فاسٹ بولرمورنے مورکل، سابق فرسٹ کلاس کرکٹرمکی آرتھر اوراینڈریو پٹک شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مورنے مورکل کو قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10 ہزار سے زائد رنز اور 27 سینچریاں اسکور کرنے والے اینڈریو پٹک پاکستانی کھلاڑیوں کو بلے بازی کے گر سکھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سفارشیں پی سی بی آفیشلز کی ملازمتیں بچانے لگیں

پی سی بی نے مکی آرتھرکو کنسلٹنٹ مقرر کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جبکہ وہ ڈربی شائر کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی اپنے فرائض ادا کرتے رہیں گے۔

پی سی بی نے کوچنگ گروپ کو اس طرح ترتیب دیا ہے کہ مکی آرتھر پاکستان آئے بغیراس کے ڈائریکٹر کا کردار نبھاتے رہیں گے۔ وہ آئندہ ماہ لاہور آئیں گے اورپھرورلڈ کپ سے پہلے تربیتی کیمپ کو جوائن کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس، ایشیا اور ورلڈ کپ کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور

مورنے مورکل انڈین پریمیئر لیگ میں لکھنؤ سپرجائنٹس کے بولنگ کوچ کی حیثیت سے معاہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے اور اینڈریوپٹک آئندہ ماہ قومی کرکٹ ٹیم کوجوائن کرلیں گے، وہ 2005 سے جنوبی افریقی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پرخدمات انجام دے رہے ہیں۔
 

Advertisement