کیا واقعی پاکستان ورلڈ کپ میچز بنگلا دیش میں کھیلے گا ؟

Published On 30 March,2023 02:21 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ان رپورٹس کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان 2023 کے ورلڈ کپ کے میچز بنگلا دیش میں کھیل سکتا ہے۔

آئی سی سی کے جنرل مینجر وسیم خان نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں پیشن گوئی کی تھی پاکستان 2023 کے ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کھیل سکتا ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان اپنے ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلے گا، مجھے لگتا ہے کہ وہ میچز بھی بھارت کے ایشیا کپ کے میچوں کی طرح نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔

تاہم کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ’ کرک بز ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے اپنے جنرل منیجر کے بیان سے لا تعلقی کا اظہار کردیا ہے۔

آئی سی سی کے ایک عہدیدار نے کرک بز کو بتایا کہ بنگلا دیش کے حوالے سے بورڈ کی میٹنگ میں بالکل بھی بات نہیں کی گئی ، بورڈ کی طرف سے بھارت میں ہونے والے ایونٹ کی مکمل حمایت کی گئی اور ہماری ساری توجہ اسی پر مرکوز ہے۔

دوسری جانب بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین نے بھی یہ کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ورلڈ کپ میچوں کی میزبانی کے حوالے سے کسی پیش رفت سے آگاہ نہیں ہیں۔

علاوہ ازیں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی وسیم خان کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسیم خان کو نیوٹرل وینیو کے بارے میں بات کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے، انہیں پی سی بی کے سی ای او کی طرح برتاؤ کرنا چھوڑ دینا چاہیے۔

خیال رہے کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کیلئے نیوٹرل وینیو کے حوالے سے بات چیت شروع ہوچکی ہے اور پاکستان کے میچز کیلئے بنگلادیش ممکنہ طور پر نیوٹرل وینیو ہوسکتا ہے۔

Advertisement