ٹانگ کی چوٹ سے خوفزدہ تھا کہ دوبارہ چل سکوں گا یا نہیں : جونی بیرسٹو

Published On 18 May,2023 02:28 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) انجری سے صحتیابی کے بعد کرکٹ میں واپسی کرنے والے انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر جونی بیرسٹو کا کہنا ہے کہ آٹھ ماہ کے مشکل مرحلے کے بعد سٹمپ کے پیچھے واپسی کے لئے پرجوش ہوں۔

ایک انٹرویو کے دوران انگلش وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ میں خوفزدہ تھا کہ ٹانگ کی خوفناک چوٹ کے بعد دوبارہ کبھی نہیں چل سکوں گا، آٹھ ماہ کے مشکل مرحلے کے بعد سٹمپ کے پیچھے واپسی کے لئے پرجوش ہوں۔

جونی بیرسٹو کا کہنا تھا کہ میں خوفزدہ تھا کہ دوبارہ چل سکوں گا یا نہیں، دوبارہ دوڑ سکوں گا، دوبارہ کرکٹ بھی کھیل سکوں گا، اس چوٹ سے میری چال بدل گئی ہے، لوگوں نے کہا کہ تم لنگڑا رہے ہو لیکن میں کسی کو نہیں جانتا جس کی ٹانگ میں بڑی چوٹ آئی ہو اور وہ بالکل پہلے کی طرح چل رہا ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے احساس ہے کہ میں اب پہلے کی طرح دوڑ نہیں سکوں گا لیکن میرے لئے یہ ہی ٹھیک ہے۔

یاد رہے کہ جونی بیرسٹو کی گزشتہ سال گالف کھیلتے ہوئے حیران کن طور پر ٹانگ ٹوٹ گئی تھی جس کی وجہ سے انہیں طویل عرصہ  کرکٹ سے دور رہنا پڑا۔