ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بیٹر ویرات کوہلی ایک ہزار کروڑ سے زائد کمانے والی معروف شخصیات میں شامل ہو گئے۔
بھارتی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی 1050 کروڑ بھارتی روپے کمانے والے کرکٹر ہیں، ان کی کمائی کا ذریعہ بھارتی ٹیم، مختلف برانڈز کے ساتھ معاہدے، برانڈز کی ملکیت اور سوشل میڈیا پوسٹس ہیں۔
بھارتی کرکٹر کو ٹیم انڈیا کے معاہدے سے سالانہ 7 کروڑ بھارتی روپے ملتے ہیں جب کہ 15 لاکھ روپے ٹیسٹ، 6 لاکھ ون ڈے اور 3 لاکھ روپے ٹی 20 کی میچ فیس ہے۔
اس کے علاوہ 15 کروڑ بھارتی روپے سالانہ ویرات کوہلی کو ٹی 20 لیگ سے ملتے ہیں، انہوں نے کئی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری بھی کی ہوئی ہے، بھارتی کرکٹر اس وقت 18 مختلف برانڈز کے ایمبیسیڈر ہیں، وہ ایک برانڈ سے ساڑھے 7 کروڑ سے 10 کروڑ روپے تک وصول کرتے ہیں۔
ویرات کوہلی انسٹا گرام پر پوسٹ کے 8.9 کروڑ اور ٹوئٹر پر پوسٹ کرنے کے اڑھائی کروڑ روپے لیتے ہیں۔
سابق بھارتی کپتان ریسٹورنٹ اور لگژری ایتھلیٹک ویئر کے بھی مالک ہیں، کوہلی ممبئی میں 34 کروڑ جبکہ گروگرام میں 80 کروڑ روپے کے مالیت والے گھر کے مالک ہیں۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے استعمال میں گاڑیوں کی مالیت 31 کروڑ روپے ہے۔