بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

Published On 06 July,2023 07:06 pm

چٹو گرام: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز تمیم اقبال نے ورلڈکپ سے قبل بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور ون ڈے ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ،جس سے ان کے 16 سالہ طویل کیریئر کا اچانک خاتمہ ہو گیا۔

چٹوگرام میں پریس کانفرنس کے دوران 34 سالہ تمیم اقبال 16 سال پر محیط کرکٹ کیریئر ختم کرنے کے اعلان پر جذباتی ہوگئے، انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں اپنے والد کے خواب کو پورا کرنے کے لیے کھیلا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس کہنے کو بہت کچھ نہیں ہےلیکن میں ایک بات ضرور کہوں گا کہ میں نے کھیل کے دوران اپنی پوری کوشش کی، شاید میں کافی اچھا نہیں تھا یا کافی اچھا تھا، مجھے نہیں معلوم لیکن جب بھی میں میدان میں تھامیں نے 100 فی صدکی کوشش کی۔

بنگلہ دیش کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز نے ورلڈکپ سے صرف 3 ماہ قبل کرکٹ کو خیر باد کہنےکا اعلان کیا تو سب ہی حیران رہ گئے، سینئر بلے باز گزشتہ ماہ افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میں سخت کمر درد کی وجہ سے نہیں کھیلے تھے لیکن وہ ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب تھے ۔

کپتان تمیم اقبال نے 9 فروری 2007 کو اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز زمبابوے کے خلاف اس کی سرزمین پر ہرارے کے مقام پر کیا ، انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ 5 جولائی 2023 کو افغانستان کے خلاف چٹوگرام میں کھیلا۔

تمیم اقبال کو 70 ٹیسٹ،241 ون ڈے اور 78 ٹی ٹونٹی میچز میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ تمیم اقبال نے نیوزی لینڈ کے خلاف 2008 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جبکہ اپنا آخری میچ آئرلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر اپریل 2023 میں کھیلا تھا۔واضح رہے کہ بنگلا دیشی ٹیم نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے پہلے ہی کوالیفائی کرلیا ہے۔5

جولائی کو افغانستان کی ٹیم نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ 17 رنز سے شکست دی تھی جس میں تمیم اقبال ٹیم کو لیڈ کر رہے تھے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی)نے نئے کپتان کے حوالے سے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔