لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکا اشرف کی زیر صدارت پہلا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد , مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران نے کرکٹ کی بہتری کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران نے ذکا اشرف کے ساتھ ملکر کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، نئے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی تعیناتی کرکٹ بہتر فیصلہ ثابت ہوگا۔
ذکا اشرف نے میجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف اور آصف زرداری کا شکر گزار ہوں، انکے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، میری خواہش تھی کہ اختلافات نہیں ہونے چاہئیں، ہم چاہتے تھے نجم سیٹھی کو باعزت طریقے سے الوداع کرتے، ہم نے نجم سیٹھی کو بھی پیغام بھجوایا تھا ۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) July 6, 2023
انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ، ورلڈکپ سمیت بہت سے معاملات میں بہتری کی ضرورت ہے، ہم اپنی پوری توجہ کرکٹ اور کرکٹرز کی بہتری پر مرکوز رکھیں گے، بین الاقوامی محاذ پر بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، کوشش ہوگی عالمی سطح پر پاکستان کرکٹ کو اسکا جائز حق دلوائیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیف سلیکٹر ہارون رشید کرکٹ بورڈ کے تمام عہدوں سے فارغ
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بورڈ کے معاملات میں شفافیت لانے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، ریجنز اور ایسوسی ایشنز کے صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد، میرپور اور حیدرآباد اسٹیڈیمز کو بہتر بنایا جائے گا جبکہ اسٹیڈیمز میں ہاسپیٹیلٹیز باکسز کو اپ گریڈ کریں گے، کرکٹ شائقین کے لیے سہولتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی اور کوشش ہوگی بورڈ کی آمدن میں مزید اضافہ ہو۔