لاہور: (ویب ڈیسک) بابر اعظم نے لنکا پریمیئر لیگ میں جوئے کی تشہیر سے صاف انکار کر دیا۔
لنکا پریمیئر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 30 جولائی سے 22 اگست تک منعقد ہو گا، کولمبو سٹرائیکرز نے بابر اعظم کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے، پاکستانی کپتان فرنچائز کی بھی قیادت کریں گے۔
لیگ میں جوئے کی کئی کمپنیز نام میں معمولی تبدیلی کر کے تشہیر کرتی ہیں، کولمبو کا بھی ایسی ہی ایک کمپنی سے معاہدہ ہے، البتہ بابر اعظم نے اس کا لوگو شرٹ پر لگانے سے واضح الفاظ میں انکار کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سٹار بیٹر نے اس بات کو اپنے معاہدے کا بھی حصہ بنایا ہے، فرنچائز نے بھی ان کی خواہش کا احترام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو رواں ماہ سری لنکا میں 2 ٹیسٹ کی سیریز کھیلنا ہے، اس کے بعد افغانستان سے آئندہ ماہ 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ہوں گے، بابر اس وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ کیلئے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوں گے، وہ قومی ذمہ داریوں سے فراغت پر ہی سری لنکا جائیں گے۔