لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے سے متعلق فیصلے کیلئے ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی کی سربراہی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کریں گے۔
پاکستان آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا یا نہیں، کمیٹی اس حوالے سے بھارت میں ورلڈ کپ سے متعلق تمام امور پر سفارشارت مرتب کر کے وزیراعظم کو بھجوائے گی جو پی سی بی کے پیٹرن ان چیف ہیں۔
کمیٹی کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہیں جبکہ اس کے دیگر ارکان میں وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ، اعظم نذیر تارڑ، مریم اورنگزیب، احسان مزاری، اسعد محمود اورامین الحق شامل ہیں۔
اس کے علاوہ قمرزمان کائرہ اور طارق فاطمی بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، قومی سلامتی اداروں کے سربراہان اور سیکرٹری خارجہ کو بھی اس ہائی پروفائل کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی شرکت سے متعلق سفارشارت مرتب کیے جانے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ اس بڑے ایونٹ میں کھیلا جائے گا یا نہیں۔
واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہو رہا ہے، بڑے ایونٹ میں پاک بھارت کے درمیان ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔